ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل تعلقہ میں بچہ مزدوری اور بچہ شادی کا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا ؛ریاستی کمیشن کے ممبرکی پریس کانفرنس

بھٹکل تعلقہ میں بچہ مزدوری اور بچہ شادی کا کوئی معاملہ پیش نہیں آیا ؛ریاستی کمیشن کے ممبرکی پریس کانفرنس

Sat, 30 Dec 2023 20:43:57    S.O. News Service

بھٹکل :30؍دسمبر(ایس اؤ نیوز ) ریاست کے بچوں  کو مکمل حفاظتی ماحول فراہم کرتےہوئے  بہتر تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اس سلسلےمیں بھٹکل تعلقہ کے مختلف اسکولوں، ہاسٹلس اور گرام پنچایتوں کامعائنہ کرنے کے علاوہ مختلف محکمہ جات افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتےہوئے بچوں کے الگ الگ مسائل پر غور وخوض کئےجانےکی یقین دہانی کرناٹکا اسٹیٹ کمیشن فور پروٹکشن آف چائلڈ رائٹس کے ممبر ڈاکٹر کے ٹی تپے سوامی نے دی۔

پریس کانفرنس کے ذریعےبھٹکل تعلقہ کے اپنے متعلقہ دورے کی تفصیلات دیتےہوئے انہوں نے بتایا کہ تعلیم، سماجی و فلاحی بہبودی، پنچایت  راج، پولس، مزدور ، پسماندہ طبقات محکمہ جات کے افسران کے ساتھ بھٹکل تعلقہ تحفظ برائے اطفال کمیٹی کی ترقی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ۔ جس میں متعلقہ  محکمہ کے افسران شریک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طورپر بچوں کی حفاظت پر زور دیتےہوئے اسی کے اطراف ہماری گفتگو رہی۔ طئے کیاگیا کہ تعلیمی اداروں، ہاسٹلس وغیرہ میں پولس امداد 1098اور112کا بورڈ نصب کیاجائے۔ کرناٹک اسٹیٹ تحفظاتی پالیسی برائے اطفال -2016 کا عملی نفاذ کیسے ہو  غور کیاگیا۔خصوصی طورپر اسکول کی سطح پر  بچوں کے کلب بنانے ، تحفظاتی کمیٹی برائے اطفال کی تشکیل دینے کہاگیا ہے تاکہ بچوں کے ساتھ ان کی حفاظت کے سامان فراہم کئےجائیں۔

ریاستی حکومت کے پنچایت راج محکمہ کی جانب سے  14نومبر سے جنوری 24 تک 10ہفتوں پر مشتمل ’مکّل سنہی گرام پنچایت ابھیان ‘کا  اعلان کیاگیا ہے۔میٹنگ میں بھٹکل تعلقہ کے 16پنچایتوں کی جانب سے مہم  کو کس طرح منایاجارہاہے اور کامیاب کرنے کی کیاکیا کوششیں ہورہی ہیں اس پر  گفتگو ہوئی ۔اسی طرح میٹنگ میں  ہر ایک پنچایت کی سطح پر خواتین واطفال نگراں کمیٹی اور پنچایت تعلیمی دستہ کی تشکیل پرتوجہ دلائی گئی  ۔ اس طرح حکومت نے بچوں کو پنچایت  دوست بنانے کےلئے جتنے بھی اسکیم یا پروگراموں  کا اعلان کیا ہے اس کے نفاذ کے متعلق غورکیاگیا۔

کمیشن کے ممبر تپے سوامی نے بتایا کہ تعلقہ میں کوئی بچہ شادی کامعاملہ  پیش نہیں آنا اور متعلقہ افسران کی طرف سے دی گئی رپورٹ کے مطابق تعلقہ میں کوئی بھی بچہ مزدور ی کا معاملہ پیش نہیں آیا ہے۔جو ہمارے لئے بڑی مسرت کی بات ہے۔ لیکن یہاں قریب 7پوکسو معاملات درج ہوئےہیں۔ اس سلسلےمیں ہم نے اساتذہ اور بچوں میں بیداری پیدا کرنے کےلئے متعلقہ محکمہ کو پروگرام منعقد کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نےکہاکہ میں نے خود تعلقہ کے مختلف اسکولوں، ہاسٹلس اور پنچایتوں کا دورہ کرتےہوئے معائنہ کیا ہے اور متعلقہ افسران سےکہا ہے کہ وہ اس سلسلےمیں ایک ماہ  بعد عملی منصوبہ ارسال کریں۔

اسی طرح تعلقہ میں طلبا کوبس انتظامات،اسکولوں میں پینے کے پانی ، ٹائلٹ ، پاکی صفائی ، ہاسٹلس میں کھانے اور قیام جیسے کئی مسائل  در پیش ہیں۔اس سلسلےمیں محکمہ ٹرانسپورٹ افسر کو کہاگیا ہے کہ روڈ میا پ تیار کرتےہوئے طلبا کو وقت پر بسوں کا انتظام کیاجائے۔ ہاسٹلس میں کھانے کا انتظام اور قیام کی سہولیات اور عملہ کی قلت محسوس کی گئی ہے۔اس سلسلے میں کمیشن کی جانب سے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کو راست رپورٹ بھیجیں گے۔ اوربچوں کو دووقت کےکھانے کے طورپر 58روپئے دئیے جارہے ہیں جو کافی نہیں ہیں، اس میں اضافہ کا حکومت سے سفارش کی جائے گی۔ حکومت کی جانب سے اسکولوں کو مفت میں بجلی فراہم کرنے کہاگیا ہے اور کسی حال میں پاکی صفائی نہیں کرنےکی سخت تاکید کرتےہوئےسرکلر جاری کئے جانے کی جانکاری تمپے سوامی نے دی۔ اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا اور تحصیلدار تپے سوامی موجود تھے۔


Share: